دنیا
Time 11 اگست ، 2023

وائرس کی ایک نئی قسم کے ابھرنے سے کووڈ کے عالمی کیسز میں 80 فیصد اضافہ ریکارڈ

کورونا کی ایک نئی قسم تیزی سے ابھر رہی ہے / اے ایف پی فوٹو
کورونا کی ایک نئی قسم تیزی سے ابھر رہی ہے / اے ایف پی فوٹو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا بھر میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے مئی میں کہا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا اب عالمی طبی ایمرجنسی نہیں رہی، مگر ساتھ میں خبردار کیا تھا کہ وائرس تاحال خود کو تبدیل کر رہا ہے، جس کے باعث اس کی لہریں دیکھنے میں آ سکتی ہیں۔

11 اگست کو ہفتہ وار اپ ڈیٹ کے دوران عالمی ادارے نے کہا کہ 10 جولائی سے 6 اگست کے دوران دنیا بھر میں کووڈ کے لگ بھگ 15 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

مگر اس عرصے میں کووڈ سے ہلاکتوں کی تعداد 57 فیصد کمی کے ساتھ 2500 رہی۔

عالمی ادارے کا کہنا تھا کہ کیسز اور اموات کی تعداد حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتی کیونکہ زیادہ تر ممالک میں اب کووڈ ٹیسٹنگ کم کی جا رہی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ زیادہ تر نئے کیسز مغربی بحر الکاہل کے خطے میں دیکھنے میں آئے جہاں بیماری کی شرح میں 137 فیصد اضافہ ہوا۔

امریکا، برطانیہ، فرانس اور جاپان سمیت متعدد ممالک میں حالیہ ہفتوں کے دوران کووڈ کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل 9 اگست کو ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کی قسم اومیکرون کی ذیلی قسم ای جی 5 کے بارے میں کہا تھا کہ اس پر نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ وہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق وسط جولائی میں رپورٹ کیے گئے 17 فیصد سے زیادہ کیسز ای جی 5 کا نتیجہ تھے۔

کورونا کی اس قسم کا ابھی کوئی آفیشل نام نہیں رکھا گیا مگر آن لائن اسے Eris کہا جا رہا ہے۔

یہ نئی قسم بظاہر دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ بیماری کے خلاف حاصل قوت مدافعت کے خلاف بھی مزاحمت کر سکتی ہے۔

مگر ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ یہ نئی قسم زیادہ سنگین علامات کا باعث نہیں بنتی۔

مزید خبریں :