Geo News
Geo News

Time 12 اگست ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ڈان 3 میں رنویر سنگھ کی ہیروئن کون ہوں گی؟

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر فرحان اختر نے  گزشتہ دنوں اپنی نئی فلم ڈان 3 کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی جگہ اس بار رنویر سنگھ ڈان کے روپ میں نظر آئیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) میں ایک پوسٹ میں فرحان اختر نے بتایا کہ ڈان 3 میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ لیں گے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'ایک نئے عہد کا آغاز ڈان 3'۔فرحان اختر نے ایک ٹیزر بھی پوسٹ کیا جس میں رنویر سنگھ کو دکھایا گیا جو خود کو ڈان کے طور پر متعارف کرا رہے ہیں۔

فرحان اختر اس نئی فلم کے ڈائریکٹر بھی ہوں گے جو 2025 میں کسی وقت ریلیز کی جائے گی۔البتہ رنویر سنگھ کے علاوہ کاسٹ میں شامل کسی فرد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

تاہم اب ڈان 3 میں رنویر سنگھ کی ہیروئن کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کا خیال ہے کہ ڈان 3 میں کیارا ایڈوانی کو بطور ہیروئن کاسٹ کیا جارہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

رپورٹس کے مطابق ڈان 3 کی ہیروئن کے حوالے سے چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب کیارا ایڈوانی کو ممبئی میں  فلم کے  پروڈیوسر رتیش سدھوانی اور ہدایتکار فرحان اختر کے آفس جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ 

خیال یہی کیا جارہا ہے کہ ڈان 3 میں کیارا ایڈوانی ہی رنویر کے ہمراہ اداکاری کرتی نظر آئیں گی،تاہم اس حوالے سے ابھی باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ڈان سب سے پہلے 1978 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا جو مداحوں نے کافی پسند کیا تھا۔

28 سال بعد 2006 میں ہدایتکار فرحان اختر نے ماضی کی ہٹ فلم ڈان کو دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس بار ڈان کا کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا جو انہوں نے بخوبی نبھایا۔

فلم کی کامیابی کے بعد 2011 میں فرحان اختر نے ڈان 2 بنائی اور شاہ رخ خان ہی ڈان کے کردار میں نظر آئے۔

اب 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ڈان 3 کی تیاری کا اعلان کیا گیا ہے جس کی کاسٹ بھی نئی ہوگی۔

شاہ رخ خان ڈان 3 میں کیوں نظر نہیں آئیں گے؟

مئی 2023 میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ شاہ رخ خان نے ڈان فرنچائز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اب کمرشل فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ڈان آج کے سنیما میں فٹ نہیں ہوتی۔