15 اگست ، 2023
اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت محدود مدت میں تمام ترتوانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی، معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔
اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ کے بعد نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے، مزید اقتصادی بہتری لائیں گے جبکہ عوامی فلاحی منصوبے بھی بلاتعطل جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات ترجیحات ہیں۔
اجلاس میں نگران وزیراعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئےکہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بھی عمل درآمد مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔
نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) بھی شریک تھے۔