Geo News
Geo News

Time 17 اگست ، 2023
دنیا

بھارت: میڈیکل کالج میں داخلے میں ناکامی پر نوجوان کی خودکشی، باپ نے بھی اپنی جان لےلی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں ایک 19سالہ طالب علم نے میڈیکل کالج میں داخلے میں ناکامی پر خودکشی کرلی جس کے بعد غمزدہ باپ نے بھی اپنی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں ڈاکٹر بننے کے خواہشمند ایک 19 سالہ طالب علم نے میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے درکار  ٹیسٹ میں 2 بار ناکامی پر اپنی جان لے لی۔

اہل محلہ کے مطابق طالب علم کی لاش اپنے کمرے کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی، و ہ میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے درکار ٹیسٹ میں ناکامی پر دلبرداشتہ تھا۔ 

طالب علم کے والد نے اپنے بیٹےکی موت کا ذمہ دار ٹیسٹ لینے والی انتظامیہ پر عائد کیا تھا اور ارادہ ظاہر کیا تھا کہ وہ یہ ٹیسٹ ختم کرانے کے لیے احتجاج کرےگا تاہم بیٹے کی موت کے دو روز بعد والد نے بھی خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا پر طالب علم کے والد کی خودکشی کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم ریاستی حکومت کو باپ بیٹے کی موت کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔