19 اگست ، 2023
برطانوی پولیس نے ووکنگ کےعلاقے میں 10 سالہ بچی سارہ شریف کے قتل کیس میں مطلوب 3 مطلوب افراد کے نام ظاہر کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مطلوب افراد میں بچی کے والد عرفان شریف، ان کی اہلیہ اور بھارئی فیصل شامل ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس مارک چیپ مین کے مطابق تینوں مطلوب افراد سارہ کی لاش ملنے سے چند گھنٹے قبل پاکستان روانہ ہوگئے تھے، سارہ سے متعلق اطلاع پاکستان سے اس کے والد نے ایمرجنسی نمبر پر دی۔
مارک چیپ مین کا کہنا تھا کہ سارہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جسم پر پرانے زخم کے نشان تھے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد پولیس تفتیش کی نوعیت تبدیل ہوگئی ہے۔
مارک چیپ مین کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس سارہ کیس سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں،
واضح رہے کہ 10 سالہ بچی سارہ شریف کی لاش 10 اگست کو ووکنگ میں ان کے گھر سے ملی تھی۔