20 اگست ، 2023
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ میں خواتین کی 25 میٹر پسٹل کیٹیگری میں پاکستان کی کشمالہ طارق نے نیا قومی ریکارڈ بنادیا تاہم وہ ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے فائنل اور ممکنہ طور پر اولمپک کوالیفیکشن سے محروم رہ گئیں۔
دو روز جاری رہنے والے 25 میٹر ائرپسٹل کے مقابلوں میں کشمالہ نے پہلے روز 290 اور دوسرے روز مزید 293 پوائنٹس حاصل کرکے مجموعی طور پر 583 پوائنٹس بنائے اور نیا قومی ریکارڈ بنادیا۔
اس سے قبل کشمالہ ہی نے اس سال ہونے والے نیشنل گیمز میں 582 پوائنٹس بنائے تھے۔
کشمالہ طلعت ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے فائنل راؤنڈ تک نہ آسکیں اور نویں نمبر پر رہیں۔ کشمالہ اور بھارت کی ردھم شنگھوان کے درمیان مقابلہ 583 پوائنٹس پر برابر تھا لیکن بھارتی شوٹر کے سینٹر آف ٹارگٹ 23 شاٹس تھے اور کشمالہ کے سینٹر شاٹس 19 تھے جس کی بنیاد پر بھارتی کھلاڑی آٹھویں پوزیشن پر آئیں۔
اگر کشمالہ ایک اور پوائنٹ حاصل کرلیتیں تو وہ براہ راست ٹاپ 8 میں آجاتیں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔
بھارتی شوٹر پہلے روز 284 پوائنٹس کے ساتھ 69 ویں پوزیشن پر تھیں لیکن دوسرے روز انہوں نے 299 پوائنٹس حاصل کرکے ٹاپ 8 میں جگہ بنالی۔
فائنل میں آنے کی صورت میں کشمالہ اگر چھٹی پوزیشن پر آجاتیں تو ان کو پیرس اولمپکس کا ٹکٹ مل جاتا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ کشمالہ اب کوریا میں اولمپک کوالیفائرز میں پیرس اولمپکس کیلئے جگہ بنانے کی کوشش کریں گی۔