Time 21 اگست ، 2023
کھیل

امید ہے ٹیم ایشیا کپ اور ورلڈکپ جیت کر وطن لائے گی: ذکا اشرف کی کھلاڑیوں سے گفتگو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل قومی ٹیم کی ملاقات ہوئی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکاء اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بڑی امید ہے کہ آپ کی کوشش اور محنت سے پاکستان ایشیا کپ جیتے گا، جیت کر مومنٹم حاصل کریں اور میرے خیال میں آپ اسی مومنٹم اور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور ورلڈ کپ ٹرافی کو وطن واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی قیادت میں یہ ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، بابر اعظم کے پاس بڑی باصلاحیت ٹیم ہے، ہر کوئی اپنے رول میں اچھا پرفارم کر رہا ہے، ہمارے پاس ورلڈ کلاس بولرز اور بیٹرز ہیں جبکہ ہمارا کمبی نیشن اچھا ہے کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم ٹرافی نہ جیتیں۔

چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے سابق کرکٹرز  پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جس فارم میں پاکستان ٹیم ہے وہ کسی کو بھی ہرا سکتی ہے، سابق کرکٹرز کے خیال میں ہم ایشیا کپ کے سب سے فیورٹ ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگوں میں کوئی کمی نہیں ہے سب میں صلاحیتیں ہیں، ہم ورلڈ کپ جیت چکے ہیں دو مرتبہ ایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے ہمیں اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ ہم دوبارہ نہیں جیت سکتے آپ میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

مزید خبریں :