Time 23 اگست ، 2023
کھیل

زمبابوے کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی

ہیتھ اسٹریک زندہ اور بالکل ٹھیک ہیں۔ فوٹو فائل
ہیتھ اسٹریک زندہ اور بالکل ٹھیک ہیں۔ فوٹو فائل

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف بین الاقوامی میڈیا نے ہیتھ اسٹریک کینسر کے انتقال کی خبر چلاتے ہوئے بتایا تھا کہ زمبابوے کے سابق کپتان کی عمر 49 برس تھی اور  رواں برس مئی میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

زمبابوے کے کپتان سین ولیمز اور سابق فاسٹ بولر ہنری اولنگا نے بھی سوشل میڈیا پر ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

ہنری اولنگا نے اپنے سوشل میڈیا پر ہیتھ اسٹریک کو زمبابوے کا گریٹ آل راؤنڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ہیتھ اسٹریک کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔

 
ہنری اولنگا کی ہیتھ اسٹریک کے انتقال سے متعلق پوسٹ
ہنری اولنگا کی ہیتھ اسٹریک کے انتقال سے متعلق پوسٹ
زمبابوے کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی

بعدازاں کرکٹ زمبابوے کی جانب سے ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ زمبابوے کے سابق کپتان اور لیجنڈ ہیتھ اسٹریک زندہ اور بالکل ٹھیک ہیں اور ہم ان کی کرکٹ کے لیے یادگار خدمات کی خوشیاں مناتے رہیں گے۔

کرکٹ زمبابوے کی جانب سے ہیتھ اسٹریک کے زندہ اور ٹھیک ہونے کی خبر کے بعد ہنری اولنگا نے سوشل میڈیا سے اپنی ٹوئٹ ہٹا دی۔ 

یاد رہے کہ ہیتھ اسٹریک 100 وکٹیں لینے والے زمبابوے کے پہلے بولر ہیں، انہوں نے 65 ٹیسٹ اور 189 ون ڈے میچز کھیلے اور 2000 سے 2004 تک زمبابوین ٹیم کی قیادت کی، انہوں نے 445 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں اور 4933 رنز بنائے۔

مزید خبریں :