Time 23 اگست ، 2023
پاکستان

راولاکوٹ میں شہریوں نے مہنگی بجلی کیخلاف احتجاجاً 30 ہزار سے زائد بل جلا دیے

آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج میں شہریوں نے بجلی کے 30 ہزار سے زائد بل جلا دیے۔

راولاکوٹ میں شہریوں نے بجلی نرخوں میں اضافے اورلوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران شہریوں نے 20 سے زائد مقامات پربجلی کے بل جلادیے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور کشمیر میں گلگت بلتستان کی طرز پر بجلی کا ٹیرف مقرر کیا جائے۔

پشاور میں بھی تاجر برادری نے مہنگائی کے خلاف قصہ خوانی بازار سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی اور حکومت کی خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کے مطابق پیٹرول سمیت تمام اشیا کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے،  مہنگائی کے طوفان سے نمٹنے کیلئے عوام کو نکلنا ہوگا اور اگر مہنگائی کم نہ ہوئی تو روزانہ احتجاج کرینگے۔

فیصل آباد میں مہنگی بجلی پر شہریوں کے احتجاج کے باعث سمندری روڈ اور جڑانوالا روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

کراچی میں بھی چھوٹے تاجروں نے بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ریگل چوک پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ مطالبات کی منظوری تک بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :