25 اگست ، 2023
رحیم یار خان میں آوارہ کتوں کے غُل نے معصوم بچے پر حملہ کرکے شدید زخمی کیا، 12 سالہ محسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شیخ زید اسپتال میں دم توڑ گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور میں پیش آیا۔
پولیس کا کہناہے کہ 12 سالہ بچہ محسن گھر کا سامان لے کر جارہا تھا کہ راستے میں آموں کے باغ کے قریب بچے پر کتوں کے غُل نے حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زخمی بچے کو مقامی پولیس اہلکاروں نے دیکھا اور اسے بے ہوشی کی حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بچہ اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے جبکہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے والی ٹیمیں منظر عام سے غائب ہیں۔