فیکٹ چیک: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کیا

سیالکوٹ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آغاز ہاؤسنگ سوسائٹی کے نجی مسلح افراد نے ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کو واقعی تشدد کا نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ملازمین نے علاقے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (SHO) سمیت پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا ہے۔

دیگر سوشل میڈیا صارفین نےاس ویڈیو کی صداقت پر سوال اٹھائے۔

یہ دعویٰ بالکل سچ ہے،  پولیس پر واقعی مختلف افراد کے ایک گروپ نے حملہ کیا، جیسا کہ آن لائن فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دعویٰ

18 اگست کو ایک فیس بک صارف نے ایک مرکزی شاہراہ پر 2 باوردی پولیس اہلکاروں کو گھیرے میں لے کر مارنے اورتشدد کرنے والے کئی افراد کی ویڈیو شیئر کی۔

صارف نے دعویٰ کیا کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا ایک پولیس افسر طاہر نقاش ہے، جو تھانہ ستراہ، تحصیل ڈسکہ، سیالکوٹ میں تعینات ہے۔

صارف نے لکھا کہ ”یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا، کیا عزت رہ گئی ہے؟ کیا اتنی کمزور ہو گئی ہے پنجاب پولیس؟“

کیپشن میں مزید کہا گیا کہ ان میں سے ابھی تک کوئی گرفتار نہیں ہوا ہے۔

اس پوسٹ کو اب تک 27 ہزار 5 سو مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ایک اور فیس بک صارف نے لکھا کہ” سیالکوٹ کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں SHO تھانہ ستراہ طاہر نقاش اور ان کی ٹیم پر سوسائٹی کے گارڈز کا حملہ“

اسی طرح کا دعویٰ فیس بک اور X ، جو پہلے ٹویٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر بھی یہاں اور یہاں کیا گیا ہے۔

حقیقت

سیالکوٹ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر میں آغاز ہاؤسنگ سوسائٹی کے نجی مسلح افراد نے ایکSHO اور دیگر پولیس اہلکاروں کو واقعی تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفس (DPO) کے تعلقات عامہ کے افسر خرم شہزاد نے فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ” 14 اگست والے دن انہوں نے وہاں پہ لگایا ہوا تھا کوئی اسپیکر وغیرہ چھت کے اوپر رکھ کے، اس میں ساؤنڈ ایکٹ کی وائلیشن کر رہے تھے، [تھانہ ]ستراہ والی پولیس وہاں پہ پہنچی ہےاور وہاں[ان ] کی ہاتھا پائی وغیرہ ہوئی ہے۔ FIR درج ہوئی ہے ان پہ، 4 ہمارے پاس فزیکلی اریسٹ[گرفتار] ہیں، ایک ضمانت پہ ہے۔“

خرم شہزاد نے مزید بتایا کہ” یہ مسلح لوگ تھے انہوں نے اٹیک کیا ہے ان کے اوپر، پھر ہم نے اسلحہ وغیرہ تو ری کور [برآمد]کر لیا ہے۔“

جیو فیکٹ چیک کو پولیس کی جانب سے درج کی گئی FIR کی کاپی بھی موصول ہوئی ۔

مزید برآں، انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ترجمان آفس کی طرف سے جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک بیان میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ تشدد کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے گرفتار افراد سے دو رائفلیں اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد کی ہے۔

اس کے علاوہ، جیو فیکٹ چیک نے ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے ان کے م=قف کے لیے رابطہ کیا لیکن اس رپورٹ کے شائع ہونے تک سوسائٹی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اضافی رپورٹنگ: فیاض حسین

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے

رابطہ کریں۔