کراچی میں 250 سے زائد ڈکیتیوں کا ملزم گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے ملیر سے رینجرز  اور  پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران قتل، بینک ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور  دیگر  وارداتوں میں ملوث ملزم ناصر اللہ عرف گڈو کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز  اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے ملیر سے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم ناصر اللہ عرف گڈو کو گرفتار کیا۔

ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

ملزم کو سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے 21 اگست 2023 کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ میٹروول میں نجی بینک کے قریب پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے گن پوائنٹ پر 80 لاکھ روپے چھینے اور فرار ہوگئے۔

واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو باآسانی پہچانا جاسکتا ہے۔

ملزم نے 23 جولائی 2023 کو  اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی مزاحمت پر نقاش تفسیر نامی شخص کو گولی مار کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کی ایف آئی آر تھانہ جوہر آباد میں درج ہے۔

ملزم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 250 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :