04 ستمبر ، 2023
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔
ملاقات کے بعد لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور نے بتایا کہ آرمی چیف نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ منی ایکسچینج کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا، جبکہ ڈالر کے تبادلے کے معاملے میں انٹر بینک ریٹس میں شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت دیگر ممالک سے 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے اقتصادی فیصلہ سازی کو تقویت دینے کیلئے اقتصادی معاملات اور مختلف شعبوں پر توجہ کرنے والی ٹاسک فورسز کی تشکیل کا انکشاف کیا۔
کاشف انور کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران تاجروں کے وفد نے آرمی چیف کو بجلی کے بلوں پر انکم اور سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز پیش کرتے ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی کیلئے عملی نقطہ نظر بیان کیا کہ صارفین پر مالی دباؤ کم کرنے کیلئے ان کی وصولی سردیوں میں کی جائے۔
ملاقات کے دوران تاجروں نے آرمی چیف سے درخواست کی کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے پر زور دیا جائے۔