07 ستمبر ، 2023
کولمبو میں تیز بارش کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن متاثر ہوگیا۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں رات سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔سری لنکن محکمہ موسمیات نے کولمبو میں آئندہ دنوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے جس سے ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کولمبو میں سپر فور مرحلے کے میچز 9 ستمبر سے شروع ہوں گے، پاکستان ٹیم بھی کولمبو پہنچ گئی جبکہ بھارتی ٹیم پہلے ہی کینڈی سے کولمبو پہنچ چکی تھی۔
تاہم آج کولمبو میں بارش کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن متاثر ہوگیا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے اِن ڈور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور مرحلے کا میچ 10 ستمبرکو کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے گزشتہ روز سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیپل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔
کولمبو میں 10 روز تک بارش کی بھرپور پیشگوئی کی گئی ہے، اگر سپر فور مرحلے کا کوئی بھی میچ نہ ہوا تو پاکستان پہلی پوزیشن پر ہی رہے گا۔
سپر فور مرحلے کا شیڈول
9 ستمبر: بنگلادیش بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
10 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، مقام کولمبو
12 ستمبر: بھارت بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
14 ستمبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
15 ستمبر: بھارت بمقابلہ بنگلادیش، مقام کولمبو
کولمبو میں تمام میچز واش آؤٹ ہونے پر پاکستان فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔
اس صورتحال میں سری لنکا اور بھارت کے پوائنٹس بھی برابر ہوں گے، میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں نیٹ رن ریٹ نافذ نہیں ہو گا بلکہ پوائنٹس کی برابری اور رن ریٹ نہ ہونے پر دوسری ٹیم کا فیصلہ ٹاس پر ہو گا۔
ایشیا کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جانا ہے اور کولمبو میں 17 ستمبر کو بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اگر فائنل بھی بارش کے باعث نہ ہو سکا تو دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔