17 ستمبر ، 2023
بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو ایشیا کپ ون ڈے کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایشیا کپ فائنل میں بھارت نے سری لنکا کا صرف 51 رنز کا ہدف با آسانی 6.1 اوورز میں حاصل کیا اور وہ 10 وکٹوں سے میچ جیت کر ایشین چیمپئن بن گیا۔
بھارت کی جانب سے شبمن گل 27 اور ایشان کشن 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے ریکارڈ سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔
فائنل میں سری لنکا کی بیٹنگ بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہوئی لیکن میچ کا آغاز ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی۔
سری لنکا کے ابتدائی 6 بیٹرز صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ پوری سری لنکن ٹیم 15.2 اوورزمیں 50 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کے بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 21 رنزدے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے اور ایک وکٹ بمراہ کے حصے میں آئی۔
سری لنکا کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، سری لنکا کےکوشل مینڈس 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، سری لنکا کے پانچ کھلاڑی صفرپرآوٹ ہوئے۔
بھارت کپتان روہت شرما نے ٹاس کے موقع پر کی جانے والی گفتگو میں کہا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم پہلے بیٹنگ کرتے۔
سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ پچ بیٹنگ کےلیے سازگار لگ رہی ہے ۔