17 ستمبر ، 2023
رواں سال بھارت میں ہونےو الے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کے اعلان کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کپتان بابراعظم اور سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی، جس میں فٹنس مسائل کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کے متبادل ناموں پر غور ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے کا امکان ہے جبکہ اسپنر ابرار احمد کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق،بابراعظم کل ذکاء اشرف سے ملاقات کریں گے، ذکاء اشرف ورلڈکپ اسکواڈ کے حوالے سے سابق کپتانوں،کرکٹرز سے بھی مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت مکمل ہونے پر ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان 2 سے 3 روز میں کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ انجری کے باعث قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
نسیم شاہ ایشیاکپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلےکا اہم میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔
اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ایک بیان دیا تھا کہ امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈکپ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے اور ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔