21 ستمبر ، 2023
بھارت نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد کینیڈا کے شہریوں کیلئے ویزا سروس معطل کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد کینیڈا میں کینیڈین شہریوں کے لیے اپنی ویزا سروس کو معطل کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حکومت نے اگلے نوٹس یا تا حکم ثانی ویزا سروس کو معطل کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں آن لائن ویزا درخواستوں کو دیکھنے والے ویزا ایپلی کیشن سینٹر بی ایل ایس انٹرنیشنل نے اپنی ویب سائٹ پر یہ اعلان کیا جس میں بھارتی مشنز کو آگاہ کیا گیا ہےکہ حکومت نے آپریشنل وجوہات کی بنا پر ویزا سروس معطل کی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ ویزا معطلی کے فیصلے پرعملدرآمد 21 ستمبر 2023 سے ہوگیا ہے جو اگلے نوٹس تک نافذ رہے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے یہ فیصلہ کینیڈین حکومت کی جانب سے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے الزام کے بعد کیا ہے جس میں کینیڈا کی حکومت نے کہا ہےکہ اس کے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں کہ بھارت ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہے۔
بھارت اور کینیڈا کے درمیان اس معاملے پر سفارتی کشیدگی میں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور دونوں ممالک کے سفیر بھی ملک بدر کیے جاچکے ہیں۔