21 ستمبر ، 2023
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے پاکستان کو آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے دعویداروں کی فہرست سے خارج کر دیا۔
ہربھجن سنگھ نے ہندوستان میں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں سے متعلق اپنی پیش گوئیاں کیں۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے، ہربھجن نے سیمی فائنل میں پہنچنے اور ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے کے لیے چار ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا، جن میں آسٹریلیا، ہندوستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا 'مجھے امید ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، اور جو یہ میچ جیتے گا وہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے فیورٹ بن جائے گا، آسٹریلیا بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں باآسانی پہنچ سکتا ہے'۔
ہربھجن نے مزید کہا کہ 'مزید بھارت اور انگلینڈ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ سکتے ہیں'۔
سابق بھارتی کرکٹر نے ورلڈکپ سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کے لیے کہا کہ ' لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے لیکن 50 اوور کے فارمیٹ میں، وہ محض ایوریج ٹیم ہے، پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہے ، لہٰذا میرا چوتھا انتخاب نیوزی لینڈ ہوگی'۔
واضح رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔