Time 26 ستمبر ، 2023
کھیل

سری لنکا کو بڑا دھچکا، اہم اسپنر انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی 

سری لنکا نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بالآخر اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

منگل کو سری لنکا نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم ساتھ ہی سری لنکن کرکٹ فینز کے لیے بری خبر بھی سامنے آگئی۔

سری لنکا کے اہم لیگ اسپنر ونندو ہسارنگا انجری کے باعث ورلڈکپ اسکواڈ میں اپنی جگہ نہیں بناسکے۔

لیگ اسپنر ہسارنگا کو گزشتہ ماہ لنکن پریمیئر لیگ کے پلے آف میچ کے دوران ٹانگ میں تکلیف ہوئی جس کی وجہ سے وہ ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ہسارنگا کی ورلڈکپ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی امید کی تھی تاہم انہوں نے سرجری کی صورت میں لیگ اسپنر کے کم از کم تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے امکان کا بھی اشارہ دیا تھا۔

سری لنکا کا ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ

بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت داسن شاناکا کریں گے۔

اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس، کوسل پریرا،پاتھم نسانکا، دی متھ کرونارتنے، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا،دھننجایا ڈی سلوا، دشن ہیمنتھا، مہیش تھیکشنا، دونتھ ویلالاگے،کاسن راجیتھا،متھیشا پتھیرانا، لاہیرو کمارا، دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

سری لنکن ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں :