27 ستمبر ، 2023
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے خالصتان معاملے پر امریکی پالیسی پر جواب سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی بین الاقوامی جبر ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کے بارے میں فکر مند ہیں۔ بھارتی حکومت کو کینیڈا کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، ٹروڈو کے بھارت پر الزامات کی مکمل اور منصفانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ خالصتان رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق امریکی میڈیا کی جانب سے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
امریکی میڈیا نے عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں 3 نہیں بلکہ 6 افراد ملوث تھے۔
امریکی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ خالصتان تحریک کے رہنماکے قتل میں ملوث ملزمان نے ایک نہیں بلکہ 2 گاڑیاں استعمال کیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہردیپ سنگھ کی گاڑی کو ملزمان کی ایک گاڑی نے پارکنگ ہی میں روکا،جس کے بعد اچانک نمودار 2 ملزمان نے فائرنگ کی۔