27 ستمبر ، 2023
ایشین گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں نیپال نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی اور ایک ہی میچ میں متعدد ریکارڈز بنا ڈالے۔
نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور منگولیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 314 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 34 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنائے جبکہ دیپندرہ سنگھ نے 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے، کپتان روہت پاؤڈل نے بھی 27 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں افغانستان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔
افغانستان نے فروری 2019 میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔
تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ:
نیپال کے دیپندرہ سنگھ نے بھارت کے یووراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ توڑا، یووراج سنگھ نے 2007 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈکے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی لیکن دیپندرہ سنگھ نے صرف 9 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔
تیز ترین سنچری:
کوشال مالا نے تیز ترین سنچری بنا کر بھارت کے روہت شرما اور جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کوشال مالا نے 34 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ روہت شرما اور ڈیوڈ ملر نے 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑے مارجن سے کامیابی کا ریکارڈ
نیپال نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑے مارجن سے کامیابی کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا، نیپال کرکٹ ٹیم نے منگولیا کو 273 سے شکست دی۔
نیپال نے ریکارڈ 314 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے، جواب میں منگولیا کی ٹیم 14 ویں اوور میں 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیپال سے قبل بڑے مارجن سے کامیابی کا ریکارڈ چیک ری پبلک کے پاس تھا، چیک ریپبلک نے 30 اگست 2019 کو ترکیے کو 257 رنز سے شکست دی تھی۔