جرائم
Time 28 ستمبر ، 2023

کراچی میں ایک اور بس پر مسلح ڈاکوؤں کا دھاوا، مسافروں سے نقدی، موبائل فونز لوٹ کر فرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں ایک اور بس پر مسلح ڈاکوؤں نے  دھاوا بول دیا، مسافروں سے نقدی، موبائل فونز، اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

کراچی میں ڈاکو پولیس کے خوف سے آزاد ہیں، جب،جہاں اور جسے چاہیں لوٹ رہے ہیں۔ جمعرات کی صبح بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد سے کراچی آنے والی مسافر بس کو چار مسلح ڈاکوؤں نے گلشن معمار موڑ کے قریب روکا اور بس میں سوار تمام مسافروں کو لوٹ لیا۔

ذرائع کے مطابق مسافر بس میں 45 افراد سوار تھے ،ملزمان نے موبائل فونز، نقدی اور کپڑوں سمیت نہ صرف قیمتی سامان لوٹا بلکہ فرار ہوتے ہوئے بس کی چابی بھی ساتھ لے گئے۔

تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس کی جانب سے متاثرہ مسافروں سے رابطہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مکمل تفصیلات حاصل کرکے مقدمہ درج کیا جاسکے۔ 

اس سے قبل 13 ستمبر کو فیکٹری ورکرز کی بس کو بھی شاہ فیصل کالونی میں لوٹا گیا تھا، تاہم پولیس نے اس واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹے گئے 37 موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا تھا۔

مزید خبریں :