29 ستمبر ، 2023
لاہور: عمرہ ویزے پر بھیک مانگنے سعودی عرب جانے والی فیملی کے 16 افراد کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کا بتانا ہے کہ ملتان سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والی ایک فیملی سے شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کی گئی تو دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ پوری فیملی بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہی تھی۔
دوران تفتیش فیملی نے بتایا کہ 3 ایجنٹوں نے سعودی عرب میں ہماری رہائش کے انتظامات کیے تھے، بھیک میں ملنے والی آدھی رقم ہم نے ایجنٹوں کو دینا تھی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کا کہنا ہے کہ 11 خواتین، 5 مردوں اور ایک بچے کو حراست میں لیا گیا ہے، متعلقہ فیملی کے تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سیکرٹری اوور سیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی بیان دیا تھا کہ بیرون ملک جتنے بھکاری گرفتار ہوتے ہیں ان میں 90 فیصد پاکستانی ہوتےہیں، دنیا میں سب سے زیادہ بھکاری پاکستان سے بیرون ملک جاتے ہیں۔