کاؤنٹی کرکٹ میں شان مسعود کی شاندار کارکردگی، دو سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنائیں

شان مسعود نے کاؤنٹی کے سات میچوں میں 720رنز بنائے — فوٹو:فائل
شان مسعود نے کاؤنٹی کے سات میچوں میں 720رنز بنائے — فوٹو:فائل 

پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے باوجود اوپنر شان مسعود نے انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اپنی کارکردگی سے دھوم مچانے کے بعد وطن واپس آرہے ہیں۔ 

سال کے آغاز میں وہ پاکستانی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان تھے لیکن انہیں ون ڈے کی نائب کپتانی کے ساتھ ٹیم میں جگہ سے بھی محروم کردیا گیا۔ ورلڈ کپ کے 15 کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

ہیڈنگلے لیڈز میں یارک شائر کی طرف سے اپنی آخری میچ میں131 رنز 123 گیندوں پر 15چوکوں کی مدد سے بنائے اور اپنی ٹیم کو 6 وکٹ سے کامیابی دلوادی۔

شان مسعود کی کپتانی میں یارک شائر نے تین کامیابیاں حاصل کیں۔

سری لنکا میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ مصروفیات کی وجہ سے شان نے ٹیم کو تاخیر سے جوائن کیا، ان کی غیر موجودگی میں سعود شکیل کو موقع دیا گیا۔ شان مسعود نے کاؤنٹی کے سات میچوں میں 720رنز  بنائے جس میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل تھیں،  ان کا بیٹنگ اوسط 60 رہا۔

وہ انگلش کاؤنٹی یارک شائر کے تیسرے کامیاب ترین بیٹسمین رہے۔ ایڈم لیتھ نے 1019اور فنلے بینز نے 983 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کے جن بیٹر نے انگلش کاؤنٹی میں شرکت کی ان میں شان کی کارکردگی سب سے اچھی رہی۔ سابق کپتان اظہر علی نے ووسٹر شائر کیلئے 14 میچوں میں 612 رنز بنائے اور ان کا نمبر37 واں رہا۔

ڈاربی شائر کے حیدر علی نے47 ویں نمبر پر آئے انہوں نے 10 میچوں میں 481 رنز اسکور کیے۔ گلاسٹر شائر کے ظفر گوہر نے 13 میچوں میں 391، لیسٹر شائر کے عمر امین نے چار میچوں میں 108اور یارک شائر کے سعود شکیل نے تین میچوں میں 71رنز بنائے۔

انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈرہم نے 233 پوائنٹس کے ساتھ جیت لی۔

مزید خبریں :