فیکٹ چیک: کیا علی امین گنڈا پور کے گودام سے 400 ٹن چینی برآمد ہوئی ہے؟

خیبرپختونخوا کے 3 عہدیداروں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے گودام سے ایسی کوئی برآمدگی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر سیکڑوں مرتبہ دیکھی جانے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ایک سینئر رہنما علی امین گنڈا پور کے گودام سے 400 ٹن چینی پکڑی ہے۔

دعویٰ بے بنیاد ہے۔

دعویٰ

10 ستمبر کو ایک فیس بک صارف نے لکھا کہ ”علی امین کی گودام سے چار سو اٹھتیس ٹن چینی برآمد ہونا [پی ٹی آئی والوں] کیلئے سوچنے کا مقام ہے اگر پاکستانی بن کر سوچئے تو یہ دشمنی پاکستان نہیں تو اور کیا؟“

فیکٹ چیک: کیا علی امین گنڈا پور کے گودام سے 400 ٹن چینی برآمد ہوئی ہے؟

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 5سو سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا اور 1 ہزار سے زیادہ بار شیئر کیا گیا۔

اس تحریر کو دیگر فیس بک صارفین نے بھی یہاں اور یہاں شیئر کیا ہے۔

حقیقت

خیبرپختونخوا میں محکمہ خوراک، ضلعی دفتر خوراک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل انتظامیہ کے حکام نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے گودام سے ایسی کوئی برآمدگی ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک جن کا کام صوبے میں غذائی اجناس کی تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔ صوبائی وزیر کے ترجمان ریاض غفور کے جیو فیکٹ چیک کو فون پر بتایا کہ یہ دعوے غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ”خیبر پختونخواہ میں ڈائریکٹوریٹ جنرل فوڈ کے متعلقہ اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ یہ[دعوے] جعلی ہیں۔“

ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی فوڈ کنٹرولر نذیر الرحمان نے بھی کہا کہ وہ علی امین گنڈا پور کے گودام سے بڑی مقدار میں چینی پکڑے جانے کے بارے میں نہیں جانتے۔

نذیر الرحمان نے فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایاکہ”یہ ہمارے نوٹس میں نہیں ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ” ہم نے کسی ایک جگہ سے نہیں بلکہ مختلف مقامات سے چینی 8,365 تھیلے برآمد کیے ہیں۔“

اس کے بعد جیو فیکٹ چیک نے ڈیرہ اسماعیل خان کے اسسٹنٹ کمشنرفرحان احمد سے بھی رابطہ کیا، انہوں نے بھی اس بات کی تردید کی کہ وہ پی ٹی آئی رہنما کے گودام پر اس طرح کے کسی چھاپے یا چینی کو قبضے میں لیے جانے کے بارے میں جانتے ہیں۔

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔