03 اکتوبر ، 2023
کراچی: حکومت سندھ نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں قائم کردیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے غیرقانونی تارکین وطن کی بے دخلی کے لیے تین کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں جس کے مطابق صوبائی تارکین وطن کی واپسی کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمیٹی کے کنوینر کمشنرز اور ضلعی کمیٹی کے کنوینر ڈپٹی کمشنرز ہوں گے جب کہ غیر ملکی تارکین کی واپسی عملدرآمد کمیٹی میں پولیس، کورہیڈکوارٹر، آئی بی، نادرا، ایف آئی اے، آئی ایس آئی، ایم آئی اور کمشنر افغان پناہ گزینوں کے نمائندے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں غیر رجسٹرڈ تارکین وطن افراد کا ڈیٹا جمع کریں گی اور ان کی ملک بدری اورآمدکی روک تھام کے لیےاقدامات کرنے کی ذمہ دار ہوں گی، یہ کمیٹیاں صوبائی سرحدوں اور شہری علاقوں میں غیر ملکی باشندوں کی روک تھام کے امور کی نگرانی بھی کریں گی۔