Time 03 اکتوبر ، 2023
پاکستان

وزارت خارجہ کو الیکشن کیلئے عالمی مبصرین پاکستان لانےکے اقدامات کی ہدایت

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے  وزارت خارجہ کو عالمی مبصرین کو  انتخابات کے مشاہدے کے لیے پاکستان لانےکے اقدامات کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ارکان الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سینیئر افسران شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے  وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ  عالمی مبصرین کو انتخابات کے مشاہدےکے لیے پاکستان لانےکے اقدامات کیے جائیں، غیرملکی مبصرین تنظیموں کےکیس فوری پراسس کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کمیشن الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 238 کے تحت بین الاقومی مبصرین کو مدعو کرنا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت کے لیے بین الاقومی مبصرین کی شرکت پر یقین رکھتا ہے، دفتر خارجہ غیرملکی مبصرین کی تنظیموں کی لسٹ الیکشن کمیشن کو مہیا کرے، غیرملکی مبصرین کی شرکت متعلق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئندہ چند دنوں میں اجلاس بھی طلب کیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں 16اکتوبرکو بین الوزارتی اجلاس بلایا جائے، اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے سینیئر  افسران شریک ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں عالمی مبصرین کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طےکیا جائےگا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس میں الیکشن میں غیر ملکی مبصرین کے حوالے سے معاملے پر غور کیا گیا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ وزارت خارجہ کو تحریر کیا جائےگا کہ غیر ملکی مبصرین کو مدعو کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے، غیر ملکی مبصرین کی جن تنظیموں نے الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کے دوران انتخابی عمل کے مشاہدے کی درخواست کی ہے ان کے کیس کو فوری طور  پر  پراسس کیا جائے ۔

الیکشن کمیشن نے تمام شراکت داروں بشمول وزارت خارجہ، وزرات داخلہ اور دیگر اداروں سے فوکل پرسن کی تفصیل مانگ لی،کمیشن نے صوبائی سطح پر  الیکشن کمیشن کی طرف سے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ایڈمن کو   چاروں صوبوں میں فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے لیے ضابطہ اخلاق کی منظوری بھی دی ہے اور اسے فوری طور  پر شائع کرنےکی اجازت دی ہے۔

مزید خبریں :