بچوں پر چیخنا بھی ان کی شخصیت کو نقصان پہنچاتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

بچوں پر چیخنا بھی ان کے لیے جنسی یا جسمانی تشدد جتنا نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

امریکا کی ونٹیج یونیورسٹی اور برطانیہ کی لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ڈیڑھ سو سے زائد تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بچوں پر غصے سے چلانے کے منفی اثرات زندگی بھر برقرار رہ سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اس وجہ سے جذباتی اور نفسیاتی دباؤ پیدا ہوتا ہے جس سے موٹاپے، ڈپریشن، خود کو نقصان پہنچانے، ہر وقت غصے میں رہنے اور منشیات کے اسعمال کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اساتذہ، باپ اور ماں کی جانب سے غصے میں چیخنے سے بچوں پر زیادہ منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ بالغ افراد کی جانب سے بچوں کو ڈانٹنا معمولی تصور کیا جاتا ہے مگر یہ بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ اس طرح کے سلوک کے نقصانات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے بچے کو زندگی بھر منفی اثرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ خراب سلوک کی روک تھام انہیں مستقبل میں ذہنی صحت کے مسائل سے بچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہماری تحقیق کا مقصد اس طرح کے رویے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بچوں پر چیخنے کو نقصان دہ تصور کیا جانا چاہیے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Child Abuse & Neglect میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :