Time 05 اکتوبر ، 2023
جرائم

لاہور: باپ نے تصویر نکالنے کے بہانے لیجاکر اپنے ہی 4 بچوں کو نہر میں پھینک دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں سنگدل باپ نے مبینہ طور پر اپنے 4 بچوں کو نہر میں پھینک دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے بچوں کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز گاؤں پنجو کے رہائشی عظیم نے  اپنے 4 بچوں کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، اس نے پولیس کو بتایا  کہ اس کے بچے 12 سالہ صابر، 9 سالہ سمیعہ، 5 سالہ نبیہہ اور 2 سالہ عائشہ اتوار کے روز دکان پر سامان لینے گئے پھر واپس نہیں آئے، شبہ ہے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مشکوک جان کر باپ سے پوچھ گچھ کی تو اس نے سب اُگل دیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے، ملزم نے بتایا کہ وہ چاروں بچوں کو تصاویر اتارنے کا کہہ کر للیانی نہر کے کنارے لے گیا تھا، جہاں اس نے بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی جانب سے بچوں کو نہر میں پھینکے جانے کی وجہ بتائے جانے کے قابل بھی نہیں، ملزم کی بیوی کو اس کی غلط حرکتوں کا پتہ تھا۔

بچوں کے نانا کا کہنا ہے کہ اس کی بیٹی نے کبھی کسی قسم کی شکایت نہیں کی، جبکہ ملزم کے محلے دار کہتے ہیں کہ ملزم نے 6 ماہ پہلے ہی یہ مکان کرایے پر لیا تھا اور وہ اپنے بچوں سے پیار کرتا تھا۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر  گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ دل دہلا دینے والے واقعے پر دلی صدمہ ہوا۔

انہوں نے حکم دیا کہ ملزم کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے، ملزم قانون کے مطابق عبرت ناک سزا سے بچ نہیں پائے گا۔

مزید خبریں :