05 اکتوبر ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت ورلڈ کپ کیلئے بھارتی شہر حیدرآباد میں موجود ہے جہاں کی بریانی کافی مشہور ہے۔
ورلڈکپ کے دوران پاکستانی کھلاڑی جہاں ان دنوں ٹریننگ سیشن میں مصروف ہیں وہیں حیدرآباد میں روایتی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں، خاص طور پرحیدرآبادی بریانی جس کے شاہین بھی خاصے شوقین دکھائی دینے لگے ہیں۔
آئی سی سی سوشل میڈیا کے پیج پر قومی کرکٹرز کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انھیں کراچی اور حیدرآبادی بریانی کے درمیان نمبرز دینے کا کہا گیا، وائرل ویڈیو میں پہلے کرکٹرز کو حیدرآبادی بریانی کو ذائقے کے لحاظ سے نمبر دینے کا کہا گیا۔
سوال کے جواب میں کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر حسن علی، امام الحق اور حارث رؤف نے بریانی کی تعریف کی اور حیدرآبادی بریانی کو کسی نے 10 تو کسی نے 10 سے بھی زیادہ نمبر دیے۔
کھلاڑیوں سے پوچھا گیا دوسرا سوال کراچی یا حیدرآباد کی بریانی میں سے زیادہ لذیذ کون سی بریانی کا تھا؟
جس کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ دونوں اچھی ہیں لیکن حیدرآباد کی بریانی میں زیادہ مرچ مصالحے ہیں، حسن علی نے کہا کہ حیدرآباد کی بریانی کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ امام الحق نے کہا کہ دونوں ہی مزیدار ہیں اس لیے میرے لیے کسی ایک کا انتخاب کرنا مشکل ہے۔