06 اکتوبر ، 2023
گزشتہ روز پیش آئے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی گاڑی روکنے اور نعرے بازی کے واقعے پر ن لیگ کا ردعمل سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شہباز شریف اپنے حلقہ این اے 132 کا دورہ کر رہے تھے، جب ان کی گاڑی پرانا کاہنہ پہنچی تو لوگوں نے انہیں مسائل سے آگاہ کرنا چاہا، اس موقع پر بعض افراد نے نعرے بازی کی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے گاڑی پر ہاتھ مارے۔
ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کا مطالبہ تھا کہ روہی نالا پکا اور صوئے آصل کو جانے والا راستہ بحال کیا جائے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ روہی نالے کی وجہ سے فیکٹریوں کا کیمیکل زدہ پانی زیرِ زمین واٹر لیول کو خراب کر رہا ہے، علاقہ مکینوں نےشہباز شریف کی آمد کا پتہ چلنے پر وہاں احتجاجی کیمپ بھی لگایا تھا۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ علاقے کے لوگ اپنے مسائل کیلئے درخواست دینا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد سے درخواست لے لی گئی ہے، علاقے کے لوگوں کی شہباز شریف سے ملاقات بھی ہو گئی ہے اور وہ مطمئن ہو کر چلے گئے ہیں۔