07 اکتوبر ، 2023
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بار پھر غزہ سے اسرائیل پر راکٹ برسا دیے۔
آج صبح حماس نے غزہ سے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملے کیے جس میں صیہونی فوجیوں سمیت 200 اسرائیلی ہلاک، ایک ہزار سے زائد زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔
اُدھر اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں اور اب تک کئی ٹن بارود محصور غزہ پر گرا چکا ہے۔
حماس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اب ایک بار پھر حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیل پر سیکڑوں راکٹ داغ دیے۔ حماس کے حملے کے بعد ایک بار پھر وسطی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے تازہ ترین حملوں میں تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹس کے مطابق حماس کے راکٹ حملوں میں اسرائیلی املاک اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی کے قریب 22 اسرائیلی مقامات پر جنگجوؤں سے جھڑپیں جاری ہیں۔