پاکستان
Time 08 اکتوبر ، 2023

صدرعارف علوی کا فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے تشدد پر اظہار تشویش

خونریزی اور انسانی جانوں کے مزید نقصان کوروکنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ صورتحال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے: صدر عارف علوی— فوٹو: فائل
خونریزی اور انسانی جانوں کے مزید نقصان کوروکنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ صورتحال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے: صدر عارف علوی— فوٹو: فائل

صدرعارف علوی نےفلسطین اور اسرائیل میں بڑھتےتشددپرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خونریزی اور انسانی جانوں کے مزید نقصان کوروکنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تصادم سےعوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

صدرعارف علوی نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری فریقین کو لڑائی مزید بڑھانے سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بین الاقوامی برادری یو این قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے کام کرے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت کی جانب سے بھی فلسطینی عوام سےمکمل اظہاریکجہتی کا اعلان کیا گیا ہے۔

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کی صورتحال پر سابق صدر آصف زرداری نےکہا کہ طویل عرصے سے فلسطینی عوام ظلم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں،عالمی منصف فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں۔

سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور جو ہو سکا ہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اس سے قبل نگران وزيراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے دل شکستہ ہے، حالیہ واقعات مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن دو ریاستی حل میں موجود ہے، 1967 سے پہلے والے بارڈرز کے تحت قابل عمل، خودمختار ریاست فلسطین ہونی چاہیے، فلسطین کی ایسی ریاست ہو جس کا دل القدس الشریف ہو۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا اعادہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں صیہونی فوجیوں سمیت 300 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔

مزید خبریں :