08 اکتوبر ، 2023
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی قابض فوجیوں کی دہشتگردی کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کو پیغام دیا کہ فلسطینی عوام آبادکاروں کی دہشتگردی اور قابض افواج کے خلاف اپنا دفاع کریں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دیدی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہو ئے۔
حماس کا سینیئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حملوں میں 232 فلسطینی شہید جبکہ 1700 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فضائیہ نے فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت تباہ کردی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اب بھی اسرائیل کے 22 مقامات پر جنگ جاری ہے۔
بھارت، ترکیہ اور آسٹرین ائیرلائنز سمیت درجنوں ائیر لائنز نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں۔