Time 09 اکتوبر ، 2023
دنیا

امریکا کا اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان

اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑےسمیت ائیرفورس کے ایف 15، ایف 16، ایف 35 اور اے 10 لڑاکا طیارے بھی اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں: امریکا— فوٹو: فائل
اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑےسمیت ائیرفورس کے ایف 15، ایف 16، ایف 35 اور اے 10 لڑاکا طیارے بھی اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں: امریکا— فوٹو: فائل

امریکا نے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کیلئے اپنا جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے اسرائیل بھیجے جانے والے بحری بیڑے میں طیارہ بردار جہاز سمیت 5 تباہ کن بحری جہاز شامل ہیں۔

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ امریکی فضائیہ بھی علاقے میں اپنی طاقت بڑھائے گی، اسرائیلی فوج کیلئے مزید فوجی سازو سامان، لڑاکا طیارے، ہتھیار اور گولہ بارود بھی اسرائیل بھیج رہے ہیں۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری بیڑے کو اسرائیل کی طرف روانہ کر رہے ہیں، امریکی ائیرفورس کے ایف 15، ایف 16، ایف 35 اور اے 10 لڑاکا طیارے بھی اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں، اسرائیل کو امریکی سکیورٹی امداد کی فراہمی آج سے شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں ایک افسر اور 50 صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 22 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنالیے گئے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہوئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کیے گئے حملوں میں اب تک فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 78 خواتین اور 41 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد 121 سے زائد ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک بچوں اور عورتوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 2 ہزار 3 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی پر بند کمرا اجلاس جاری ہے۔

مزید خبریں :