Time 09 اکتوبر ، 2023
دنیا

سعودی عرب کا غزہ پٹی میں جارحیت اور پرتشدد کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ

بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، فریقین بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں: سعودی وزارت خارجہ— فوٹو: فائل
بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، فریقین بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں: سعودی وزارت خارجہ— فوٹو: فائل

سعودی عرب نے غزہ پٹی اوراردگرد کے علاقوں میں جارحیت اور پرتشدد کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کردیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی جائے۔

ادھر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ فلسطینی قوم کے جائز دفاع کی حمایت کرتے ہیں، صیہونی ریاست اور اس کے حمایتی خطے میں عدم استحکام کے ذمہ دارہیں۔

دوسری جانب ترک صدر اردوان نے کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کیلئے دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے بھی عالمی برادری سے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں ایک افسر اور 50 صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 22 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنالیے گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں 78 خواتین اور 41 بچوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 121 فلسطینی بچوں سمیت 2 ہزار 3 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :