Time 09 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کا غزہ کی مکمل ناکہ بندی کرکے پانی، بجلی اور ایندھن کی سپلائی روکنے کا حکم

غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 570 سے زائد ہوگئی، حماس کے حملوں میں 800 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں/ فوٹو سوشل میڈیا
غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 570 سے زائد ہوگئی، حماس کے حملوں میں 800 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں/ فوٹو سوشل میڈیا

تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حماس کے شدید حملوں کے بعد اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے حکام کو غزہ کی بجلی کاٹنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ میں کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن کی سپلائی روکنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔

اُدھر اسرائیلی وزیر توانائی نے فوری طور پر غزہ کا پانی بند کرنے اور سپلائی لائنیں کاٹنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ حماس کے جنگجو پیر کے روز اسرائیل کے جنوبی علاقے سے سرحد میں گھسے جہاں انہوں نے ٹینکوں کے ذریعے باڑ کو بھی ختم کردیا۔

شہید فلسطینیوں کی تعداد 500 سے زائد ہوگئی

ادھر فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 570 سے زائد ہوگئی جب کہ 2900 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جہاں ہزاروں عام شہری موجود تھے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اسکول کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بعد غزہ میں تقریباً ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد لوگ گھروں کو نقصانات پہنچنے اور خوف کی وجہ سے بے گھر ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں تقریباً 73 ہزار سے زائد افراد نے اسکولوں میں پناہ لی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیلی حملے سے قبل یہاں 2.3 ملین افراد رہائش پذیر تھے۔

مزید خبریں :