10 اکتوبر ، 2023
ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے سری لنکا کا 345 رن کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا۔
محمد رضوان نے 121 گیندوں پر 131 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
345 رن کا ہدف ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا ہوا سب سے بڑا ہدف ہے۔
اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رن کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
پاکستان کی کامیابی پر سابق بھارتی کرکٹر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، خصوصاً محمد رضوان کی اننگ کو خوب سراہا جارہا ہے۔
سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ کیا پھینٹا لگایا، ورلڈکپ میں سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا، 2 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے بہترین کھیلا، عبداللہ شفیق نے اطمینان کے ساتھ خوبصورت اننگ کھیلی اور رضوان نے ثابت کیا کہ وہ اس قدر قابل اعتبار کیوں ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے کہا کہ آج ہم نے 5 سنچریاں دیکھیں مگر رضوان نے میلہ لوٹ لیا۔
سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ رضوان نے 50 اوور وکٹ کیپنگ کے بعد سنچری بھی بنائی، وہ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کو کھیلنے والے بہترین بیٹر ہیں۔
عرفان پٹھان نے عبداللہ شفیق کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ورلڈکپ کے دباؤ کو آسانی کے ساتھ سنبھال لیا۔