11 اکتوبر ، 2023
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں مولانا فضل الرحمان نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے نوازشریف کی وطن واپسی پرنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس کےعلاوہ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بحرانوں سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں مولانا فضل الرحمان نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہو چکا نواز شریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نواز شریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا۔