Time 15 اکتوبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ میں بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دیدی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پہلا اپ سیٹ ہوگیا، افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں 69 رنز سے  شکست دے دی۔

افغانستان کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی، 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ہیری بروک 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ افغانستان کی ورلڈکپ کی تاریخ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل افغانستان نے 17 ورلڈکپ میچز کھیلے، جس میں 16 میں شکست اور صرف ایک میں کامیابی ملی تھی۔

افغانستان نے 2025 کے ورلڈکپ میں پہلی جیت اپنے نام کی تھی۔

اتوار کو انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی،  گرباز 80 اور اکرام 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف افغانستان کی اننگز کا آغاز شاندار رہا،اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران کے درمیان  پہلی وکٹ پر 114رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم پھر  ابراہیم  کو انگلش بولر عادل رشید نے 28 رنز پر پویلین بھیجا۔

اس کے علاوہ 3 رنز بنانے کے بعد  نئے آنے والے بیٹر رحمت شاہ بھی عادل رشید کا شکار بنے جبکہ رحمان اللہ گرباز بھی 80 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمرزئی کو لیونگ اسٹون نے 19 رنز پر آؤٹ کیا۔

تاہم اکرام علی نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، اس کے علاوہ راشد خان نے 23 اور مجیب الرحمان نے 28 رنز بنائے۔

یوں افغانستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 284 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ  کی بیٹنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے انگلش بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے، ہیری بروک کے علاوہ کوئی بھی بیٹر افغان بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکا۔

انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 3 کے مجموعی اسکور پر ہی گرگئی تھی، بیئر اسٹو 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے، اس کے بعد جو روٹ 11 اور ڈیوڈ ملان 32 رنز پر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ کپتان جوز بٹلر 9، لیونگسٹن  اور سام کُرن 10،10، کرس ووکس 9 رنز بناسکے، جہاں ایک طرف سے انگلش ٹیم کی وکٹیں گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب ہیری بروک نے نصف سنچری بنائے اور ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن وہ بھی 66 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔  

عادل رشید نے 20، مارک ووڈ نے 18 اور ٹوپلے نے 15 رنز بنائے، افغان بولرز نے پوری انگلش ٹیم کو 40.3 اوورز میں قابو کرلیا یوں افغانستان نے ورلڈکپ میں بڑا اپ سیٹ کرکٹ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرا دیا۔

مجیب الرحمان اور  راشد خان نے 3،3  وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ 

 شاندار بولنگ کی وجہ سے انہیں  پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان اور انگلینڈ نے رواں ورلڈکپ میں اب تک 3،3 میچز کھیلے ہیں اور دونوں ٹیموں کو 2،2 میچز میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی ہے۔

مزید خبریں :