15 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں اگرچہ بھارت کی کارکردگی پاکستان پر غالب رہی اور بھارت باآسانی گرین شرٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب ہوگیا لیکن احمد آباد اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا نامناسب رویہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگیا۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم میں جہاں لاکھوں کے مجمع میں ہزار پاکستانی فینز بھی نظر نہ آئے وہیں بھارتی شائقین کا پاکستانی کھلاڑیوں سے نامناسب رویہ بھی دیکھا گیا۔
کہیں ٹاس کے بعد بھارت کے شائقین پاکستانی کپتان بابر اعظم کو تنگ کرتے ہوئے نظر آئے تو کہیں رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کے پویلین لوٹتے وقت شائقین نے ہندو پرستانہ نعرے لگائے اور نامناسب لفظوں کا استعمال کیا جس کی ویڈیوز بھی وائرل ہیں۔
اب سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسٹیڈیم میں موجود ایک فین کو خاتون پولیس سے بدتمیزی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں خاتون پولیس کے سمجھانے پر کرسی پر بیٹھے شخص کو پہلے مسلسل بحث کرتے دیکھا گیا جب تنگ آکر خاتون پولیس اہلکار نے اس شخص کو تھپڑمارا تو اس شخص نے بھی بغیر کسی لحاظ مروت کے خاتون پولیس محافظ پر طمانچہ رسید کر دیا، اس واقعے کے بعد خاتون پولیس اہلکار نے مزید برہمی کا اظہار بھی کیا۔