15 اکتوبر ، 2023
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف عمر کے اس حصے میں طاقت ور حلقوں سے ڈیل کر کے اقتدار میں آئیں گے تو ان کی سیاست کیا بچے گی؟ ان کی واپسی پر ریڈ کارپٹ ن لیگ نہیں بلکہ کوئی اور بچھا رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ ن لیگ نے کافی تکلیفیں دیکھی ہیں، پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بیک ڈور سیاست چھوڑ دیں، کب تک بیک ڈور سیاست چلتی رہے گی؟
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کہہ رہا ہوں کہ کیاکررہےہیں؟ پھرغلطی کرناچاہ رہے ہیں، جو کسی کے کندھے پر چڑھ کر آئے گا تو اس میں فیصلہ کرنے کی کیا طاقت ہوگی؟ کیا اب بھی ہم نہیں سدھریں گے؟ نواز شریف عمر کے اس حصے میں طاقت ور حلقوں سے ڈیل کر کے اقتدار میں آئیں گے تو ان کی سیاست کیا بچے گی؟
ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کے ساتھ کیا ہوا، ہمارےساتھ کیا ہوا؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کیاہوا؟ ہم کبھی بیک ڈور سے نہیں آئے، ہم جمہوری لوگ ہیں، بلدیاتی سطح کےمعاملات کو پارلیمنٹ کی سطح کے معاملات سےنہ جوڑیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ نواز شریف ایک مجرم اور اشتہاری ہیں، کیسے جہاز سے اتر کر جلسہ گاہ جائیں گے، نوازشریف کو بار بار کہہ چکا ہوں کہ ملک کے ساتھ بہت کچھ ہوچکا، کیوں ہم پاکستان کی آئندہ کی نسلوں کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، نوازشریف کی واپسی پر ریڈ کارپٹ ن لیگ نہیں بلکہ کوئی اور بچھا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ نوازشریف پورے ملک میں خطاب کریں لیکن طریقہ ہونا چاہیے، یہ خطرناک ٹریپ ہے جس میں ن لیگ پھنس رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور نوازشریف میں کیا فرق رہا؟ جیسے 2018 میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار دیا گیا، ویسے اب نواز شریف کو اقتدار دیا جا رہا ہے۔