پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2023

فلسطین پر غیرقانونی قبضے کے خاتمےکے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے: آرمی چیف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے غزہ  میں اسرائیل کے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار تشویش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت  260 ویں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کہنا تھا کہ  فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور  سیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے  پائیدار  حل اور  مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے غزہ میں اسرائیل کے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار تشویش کیا۔

اس کے علاوہ آرمی چیف نے  پاکستان سے غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت اور محفوظ واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 فورم نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا، شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت کے معیشت کی بحالی کے اقدامات میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائےگی۔

 آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیا  اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو  مزید  تقویت دی جائےگی،کارروائیوں سے معاشی سرگرمیوں کو منفی اثرات  سے نجات دلائی جاسکےگی،  پاک فوج کارروائیوں میں حکومت اور  قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کرتی  رہےگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ہر قسم کے بالواسطہ اور  بلاواسطہ خطرات کے خلاف ملکی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے اشارے  پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں  سے ریاست  مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

مزید خبریں :