18 اکتوبر ، 2023
بھارتی شہر بنگلورو کی عمارت میں بنے کیفے میں دھماکے سے آگ لگنے کے بعد شہری جان بچانے کے لیے چوتھی منزل سے کود گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو کی چار منزلہ عمارت کی چھت پر بنے کیفے میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، کیفے میں موجود شخص جان بچانے کے لیے چوتھی منزل سے نیچے کود گیا اور خوش قسمتی سے اس کی جان بھی بچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جان بچانے کے لیے کیفے کی چھت سے کودنے والا شخص زخمی ہے جسے مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کی پہچان پریم کمار کے نام سے ہوئی جو کیفے میں شیف تھا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکا کیفے میں موجود سیلنڈر کے لیکج سے ہوا، البتہ مزید تحقیقات جاری ہیں،واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے بنگلورو میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔