19 اکتوبر ، 2023
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد برمی گینگ کے 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق برمی گینگ خود کو پولیس اور حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتی کرتا تھا اوراس گینگ نے 2002 میں سابق صدر پرویز مشرف کی ہمشیرہ کے گھر بھی واردات کی تھی۔
پولیس بتانا ہےکہ ملزمان میں محمد علی، اسماعیل، سکندر، حبیب الرحمان اور کبیر شامل ہیں جب کہ یونس فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار برمی گینگ خود کو پولیس اور ایجنسیوں کے اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتی کرتا اوراس دوران خواتین سے نازیبا حرکات بھی کرتا تھا، ملزمان نے حال ہی میں زمان ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں بھی وارداتیں کی تھیں، اسی گینگ پرسونے کے تاجر کو اغّواکرنے کا بھی الزام ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد 15سے 20 دن ملزمان آپس میں رابطہ منقطع کردیتے جبک ہ لوٹے گئے زیورات ماسٹر مائنڈ عبدالحفیظ اور ابوالحسن فروخت کرتے تھے، اسی گینگ کے 2 ماسٹرمائنڈ عبدالحفیظ اور ابوالحسن 2روز قبل پاکستان بازار تھانے کی حدود میں مارے جا چکے ہیں جس سے گینگ کے ہلاک ملزمان کی تعداد 8 ہوگئی ہے جب کہ 2بیرون ملک فرار ہیں۔