Time 19 اکتوبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

غزہ کے اسپتال پر حملے کا سوگ: کورولوش عثمان کی نئی قسط نشر نہ کرنیکا اعلان

کورولوش عثمان کی پروڈکشن ٹیم نے سیریز کی نئی قسط نشر نہ ہونے کی وجہ بتائی اور آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پوسٹ شیئر کی__فوٹو: انسٹاگرام
کورولوش عثمان کی پروڈکشن ٹیم نے سیریز کی نئی قسط نشر نہ ہونے کی وجہ بتائی اور آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پوسٹ شیئر کی__فوٹو: انسٹاگرام

اسلامی فتوحات پر مبنی عالمی شہرت یافتہ ترک سیریز کورولوش عثمان سیزن 5 کی نئی قسط گزشتہ شب نشر نہیں کی گئی جس کی وجہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے کیا جانے والا وحشیانہ حملہ تھا۔

کورولوش عثمان کے 5 ویں سیزن کا کچھ دن قبل آغاز ہوا اور گزشتہ شب سیریز کی 133 ویں قسط نشر ہونا تھی جسے روک دیا گیا اور اس کے بجائے 132 ویں قسط دوبارہ دکھائی گئی۔

اس حوالے سے کورولوش عثمان کی پروڈکشن ٹیم نے سیریز کی نئی قسط نشر نہ ہونے کی وجہ بتائی اور آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پوسٹ شیئر کی۔

پوسٹ میں لکھا گیا 'غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کے حملے میں ہمارے سیکڑوں فلسطینی بھائیوں کی شہادت پر ہمارے ملک میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اسی وجہ سے سیریز عثمان کے 5ویں سیزن کی نئی قسط نشر نہیں کی جائے گی'۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس بدھ کی رات پچھلی قسط ہی دوبارہ دکھائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کورولوش عثمان کی ٹیم نے اپنی پوسٹ میں اسرائیلی بمباری کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا اور فلسطینی عوام، بچوں اور خواتین کی شہادت پر شدید مذمت بھی کی۔

واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں زخمیوں سے بھرے اسپتال پر بمباری کی تھی جس سے بچوں اور خواتین سمیت 500 فلسطینی شہید جب کہ سیکڑوں شدید زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :