دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2023

الخدمت نے غزہ میں 15کروڑ کا امدادی سامان تقسیم کرلیا، مزید 50 کروڑ مختص

غزہ کے محاصرے کے باعث فی الحال غزہ کے اندر سے دستیاب امدادی سامان کے ذریعے ریلیف کاکام جاری ہے، صدر الخدمت فاؤنڈیشن— فوٹو: الخدمت
 غزہ کے محاصرے کے باعث فی الحال غزہ کے اندر سے دستیاب امدادی سامان کے ذریعے ریلیف کاکام جاری ہے، صدر الخدمت فاؤنڈیشن— فوٹو: الخدمت 

ملک کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ متاثرین کیلئے 15 کروڑ کا امدادی سامان تقسیم اور مزید 50 کروڑ مختص کردیے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے کہاہے کہ الخدمت کا بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے 7 اکتوبر سے غزہ میں ریلیف آپریشن جاری ہے، غزہ اِس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ 

انہوں نے بتایاکہ الخدمت نے فوری طورپر غزہ میں موجود بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سےمیسر اور موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور اسکولوں میں قائم کیمپوں میں پکے پکائے کھانے اور موسمی اثرات سے بچاؤ کے لیے ونٹر پیکج کی تقسیم کا کام جاری رکھے ہوئے ہے، اِسی طرح آبادیوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے اور ابتدائی طور پر اسپتالوں کو ادویات کی فراہمی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید 50 کروڑ روپے بھی غزہ متاثرین کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں، غزہ کے محاصرے کے باعث فی الحال غزہ کے اندر سے دستیاب امدادی سامان کے ذریعے ریلیف کاکام جاری ہے، اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن بین الاقوامی اداروں کے ذریعے امدادی سامان رفح بارڈر پر پہنچا چکی ہے جہاں بارڈر کچھ وقت کے لیے بھی کھلا تو امدادی سامان کے ٹر ک متاثرہ علاقوں تک پہنچ جائیں گے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی مدد کو آگے بڑھے گی،  دیگر این جی اوز اور ادارے ہمارے ساتھ مل کرکام کرنا چاہیں تو ہم ایک دوسرے کے دست و بازو بن کر نازک ترین حالات میں فلسطینی متاثرہ عوام کی خدمت کریں گے۔

مزید خبریں :