دنیا
Time 23 اکتوبر ، 2023

غزہ پر حملوں میں تیزی، امریکا نے اسرائیلی کارروائیوں کو حق دفاع قرار دیدیا

فوٹو: الجزیرہ/اسکرین گریب
فوٹو: الجزیرہ/اسکرین گریب

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں میں تیزی کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اہم مغربی ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرلیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے رہنماؤں کے ساتھ اسرائیل فلسطین جنگ پر تبادلہ خیال کیا ہے، وائٹ ہاؤس کی جانب سے بات چیت کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

ادھر امریکی صدر بائیڈن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلیوں کی حفاظت کیلئے اسرائیل کو درکار تمام ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنائیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی رابطہ کیا  ہے اور اسرائیل غزہ تنازعے پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی صدر  نے  لکھا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے جنگی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے پر  بات کی ہے اور کہا ہے کہ جنگ میں شہریوں کی جانوں کا زیادہ سے زیادہ تحفظ یقینی بنایا جائے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امن سے جینے کی خواہش رکھنے والے معصوم فلسطینیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے، اسی وجہ سے غزہ کے فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کا معاہدہ کیا۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے بھی رابطہ کرکے اسرائیل اور غزہ تنازعے پر گفتگو کی، وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔

مزید خبریں :