24 اکتوبر ، 2023
ناروے نے اسرائیل اور غزہ کے درمیان جاری جنگ کے دوران ہونے والے جنگی جرائم کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
نارویجن وزیر انصاف ایمیلی اینگر میہل نے اسرائیلی حملوں میں غزہ کے شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ جنگی جرائم کبھی بھی قابل قبول نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی جنگی جرائم کا مرتکب ہو اس کا احتساب ہونا چاہیے، کسی بھی تنازعے کے دوران حملوں میں عام شہریوں کی خصوصی حفاظت ہونی چاہیے۔
ایمیلی اینگر کا کہنا تھا کہ اسرائیل، غزہ میں جنگی جرائم کی ممکنہ تحقیقات میں تعاون فراہم کریں گے، خونی تنازعے میں شہریوں کا متاثر ہونا غیرانسانی ہے۔
نارویجن وزیر انصاف نے کہا کہ شہریوں پر غیرقانونی حملے جو بھی کرے ناروے اس کی مذمت کرتا ہے۔
نارویجن وزیر انصاف نے اسرائیل اور غزہ جنگ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر جنگ میں بنیادی اصولوں کی پاسداری کروانے کیلئے آگے آنے پر زور دیا۔