24 اکتوبر ، 2023
تائیوان کے ایک جوڑے نے اپنی شادی سے قبل کوڑے کے ڈھیر کے سامنے فوٹوشوٹ کروایا جسے دیکھ کر لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات آئی کہ آخر کوئی گندگی کے سامنے فوٹو شوٹ کیوں کروائے گا؟
شادی کے لمحات کو یادگار بنانے کے لیے لوگ عالیشان جگہوں کا انتخاب کرتے ہیں جہاں دلہا اور دلہن تصاویر بنواتے ہیں، دنیا بھر میں لوگ اپنی شادیوں پر یہ ہی کرتے ہیں لیکن تائیون کے ایک جوڑے نے شادی کے فوٹو شوٹ کے لیے کوڑے والی جگہ منتخب کی۔
ماحول دوست جوڑے ایرس ہسوہ اور ان کی منگیتر نے 'گرین پیس' کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد لوگوں میں یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ گندگی پھیلانا کتنا ناگوار ہوسکتا ہے۔
دونوں نے یہ امید ظاہر کی کہ ان کے اس اقدام سے لوگ بلاوجہ سڑکوں پر کوڑا پھینکنے سے رُک جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 'جوڑے نے جنوری میں طے شادی میں مدعو کیے گئے افراد کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ شادی میں آکر وہاں بچ جانے والی کھانے کی اشیا یا سامان اپنے ساتھ لے جانے کے لیے کوئی ڈبہ، کنٹینر یا شاپر لائیں'۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے ساتھ شاپر یا کنٹینر وغیرہ لانے سے انکاری ہوگا تو میں اسے یہ تصاویر دکھاؤں گی اور پھر پوچھوں گی کہ کیا آپ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں گے؟
رپورٹس کے مطابق جوڑے نے یہ فوٹوشوٹ تین گھنٹوں میں مکمل کروایا۔